جوز بٹلر ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ٹرائی سیریز سے باہر
لاہور ( سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر ہیمسٹرنگ انجری کے باعث اگلے ماہ پاکستان میں ہونے والی ون ڈے ٹرائی سیریز سے باہر ہوگئے۔جوز بٹلر کی نومبر میں آسٹریلیا کے دورے میں شرکت بھی اب مشکوک ہوگئی ہے۔ وہ سری لنکا کے خلاف ہیڈنگلے میں کھیلے گئے میچ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے۔بٹلر نے کچھ دیر بعد دوبارہ بیٹنگ شروع کی، تاہم تکلیف کے باعث مزید کھیل جاری نہ رکھ سکے۔ انگلینڈ کی ٹیم انتظامیہ ان کی انجری کی شدت کا جائزہ لے رہی ہے۔بٹلر کی عدم موجودگی میں جارڈن کاکس کو وکٹ کیپنگ کے ساتھ مڈل آرڈر میں مستقل موقع ملنے کا امکان ہے۔ کاکس نے سری لنکا کے خلاف فیصلہ کن میچ میں 52 گیندوں پر 76 رنز بنا کر اپنی پہلی ون ڈے نصف سنچری اسکور کی تھی۔انگلینڈ کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم کا کہنا ہے کہ اہم کھلاڑیوں کی انجریز ورلڈکپ سے قبل متبادل کھلاڑیوں کی صلاحیت جانچنے کا موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کو ممکنہ مشکلات سے نمٹنے کے لیے پہلے سے منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔