مکہ دفاعی معاہدے کی تنظیم کی سربراہی پاکستان کو مل گئی
استنبول( مانیٹرنگ ڈیسک) مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم تنظیم کی پہلی سربراہی پاکستان کو مل گئی، جبکہ معاہدے کا سیکرٹریٹ سعودی عرب میں قائم کیا جائے گا اور ابتدائی طور پر اس کی قیادت پاکستانی سیکرٹری جنرل کریں گے۔مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا پہلا اجلاس پیر کو استنبول میں منعقد ہوا، جس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ مشترکہ سرگرمیوں کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیتوں اور مسلح افواج کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے۔اعلامیے میں تینوں ممالک کے درمیان دفاعی صنعت میں تعاون بڑھانے، مشترکہ ٹیکنالوجی تیار کرنے اور پیداوار میں اضافے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق مکہ دفاعی معاہدے کی تنظیم کے پہلے سربراہ پاکستان سے ہوں گے۔ معاہدے کا مستقل سیکرٹریٹ سعودی عرب میں سیکرٹری جنرل کی سربراہی میں قائم کیا جائے گا۔ابتدائی طور پر سیکرٹریٹ کی سربراہی پاکستان سے تعلق رکھنے والے سیکرٹری جنرل کریں گے، جن کی مدتِ عہدہ تین سال مقرر کی گئی ہے۔