پاکستان نے فیصلہ کن ون ڈے میں آسٹریلیا کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی

12 گھنٹے قبل
پاکستان نے فیصلہ کن ون ڈے میں آسٹریلیا کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی

لاہور ( سپورٹس ڈیسک) قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی اور تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پاکستانی بولرز کے سامنے مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 157 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے کپتان جوش انگلس نے 65 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ دیگر بلے باز بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاداب خان اور ابرار احمد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رؤف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز محتاط رہا۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان جلد آؤٹ ہو گئے تاہم معاذ صداقت نے 27 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا۔ بعد ازاں پاکستانی بیٹنگ لائن کو مشکلات کا سامنا رہا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔بابر اعظم نے 40 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تاہم وہ اہم موقع پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد شاداب خان اور عبدالصمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ساتویں وکٹ پر ناقابل شکست 49 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو کونہمین نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے میچ سے قبل کہا تھا کہ اسپن وکٹ پر بولرز کو مزید بہتر کارکردگی دکھانی ہوگی، جس پر ٹیم نے عمدہ عملدرآمد کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔اس فتح کے ساتھ پاکستان نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی اور فیصلہ کن میچ میں شاندار کم بیک کیا۔