اویس لغاری کی رات کی لوڈشیڈنگ پر عوام سے معذرت
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے رات کے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر عوام سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث عارضی طور پر لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑی۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے بتایا کہ گیس کی قلت کے باعث بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی، جبکہ رات کے وقت بجلی کی طلب بڑھنے پر لوڈ مینجمنٹ کی گئی۔انہوں نے عوام کے صبر اور برداشت کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے کوششیں کررہی ہے۔وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ بجلی چوری والے علاقوں میں اضافی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جبکہ قطر سے متعلق گیس کے مسئلے کو جلد حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔اویس لغاری نے مزید کہا کہ حکومت بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کررہی ہے اور توانائی کے شعبے میں بہتری کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔