ایران سے مذاکرات نہیں ہو رہے، تنازع جلد حل ہونے کی امید ہے، ٹرمپ
واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان فی الحال کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، تاہم دونوں ملکوں کے درمیان جاری تنازع جلد کسی نہ کسی صورت میں حل ہو جائے گا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ امریکا نے ایران کے معاملے میں غیر معمولی نتائج حاصل کیے ہیں۔جوائنٹ بیس اینڈریوز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ کیا امریکا نے ایران کے ساتھ مذاکرات کی کوششیں ترک کردی ہیں؟ اس پر انہوں نے کہا کہ اس وقت دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت نہیں ہو رہی، تاہم معاملہ آگے بڑھے گا اور جلد اس کا کوئی نتیجہ سامنے آسکتا ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ بعض افراد کا خیال ہے کہ ایران کے معاملے میں پیش رفت امریکا کے وسط مدتی انتخابات کے بعد ہوگی، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ کیا ہوتا ہے، اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ٹرمپ نے ایران کے خلاف امریکی کارروائیوں کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکا نے اس معاملے میں حیران کن کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے جاری جنگ کو ایک ’’چھوٹا تنازع‘‘ بھی قرار دیا۔تاہم امریکی صدر کے بیان سے یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ایران کے ساتھ تنازع ختم کرنے کے لیے واشنگٹن کا اگلا قدم کیا ہوگا یا دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے کوئی باضابطہ رابطہ جاری ہے یا نہیں۔