تل ابیب( مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے واضح کیا ہے کہ اسرائیلی فوج لبنان اور شام میں اپنے زیرِ قبضہ علاقوں سے دستبردار نہیں ہوگی، چاہے امریکا اور ایران کے درمیان کوئی بھی جنگ بندی یا امن معاہدہ طے پا جائے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اسرائیل جنوبی لبنان میں قائم اپنے سکیورٹی زون میں اس وقت تک موجود رہے گا جب تک اسے ضروری سمجھا جائے گا۔انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اسرائیل اپنی قومی سلامتی اور سرحدی تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔رپورٹس کے مطابق اسرائیل اس وقت لبنان کے ایک بڑے علاقے اور شام کے بعض حصوں میں فوجی موجودگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔نیتن یاہو کے اس بیان کو امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس میں خطے میں جنگ بندی سے متعلق بعض نکات پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔اسرائیلی وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل ایران کے حمایت یافتہ گروہوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا اور کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع نے بھی واضح کیا ہے کہ لبنان، شام اور غزہ میں فوجی موجودگی برقرار رکھی جائے گی تاکہ سرحدی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔