نیٹو سربراہ کا ایران پر امریکی حملوں کا دفاع

نیٹو سربراہ کا ایران پر امریکی حملوں کا دفاع

Jul 8, 2026|ویب ڈیسک

انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے نے ایران پر امریکا کے حالیہ حملوں کا دفاع کرتے ہوئے انہیں موجودہ صورتحال میں ناگزیر قرار دیا ہے۔انقرہ میں نیٹو سربراہی اجلاس سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارک روٹے نے کہا کہ امریکی کارروائی ایران کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں کے تناظر میں ضروری تھی۔انہوں نے کہا کہ اگر جنگ بندی کے باوجود ایران اس کی خلاف ورزی کر رہا ہے تو ایسے حالات میں امریکا کا بھرپور ردعمل مناسب اور ضروری تھا۔مارک روٹے کے مطابق موجودہ کشیدہ صورتحال میں واشنگٹن کے اقدامات کو اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔یاد رہے کہ امریکا نے گزشتہ روز ایران پر ایک بار پھر فضائی حملے کیے تھے، جبکہ ایران کو تیل فروخت کرنے کی اجازت دینے والا لائسنس بھی منسوخ کر دیا تھا۔امریکی حکام کے مطابق یہ اقدامات آبنائے ہرمز میں تین آئل ٹینکروں پر حملوں کے بعد کیے گئے، جنہیں واشنگٹن نے ایران کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔دوسری جانب ایران نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان کی تردید کی ہے۔