لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ میں شامل ٹیم راولپنڈیز نے فاسٹ بولر نسیم شاہ کی انجری کے بعد آل راؤنڈر مبصر خان کو جزوی متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔فرنچائز انتظامیہ کے مطابق نسیم شاہ کو کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران پہلو میں انجری کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد ٹیم کے معالجین ان کی صحت یابی پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے آخری مرحلے میں واپسی کر سکتے ہیں، تاہم حتمی فیصلہ مکمل فٹنس کے بعد کیا جائے گا۔احتیاطی اقدام کے طور پر مبصر خان کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے، جو اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وہ چودہ میچز میں انچاس رنز بنانے کے ساتھ دو وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔دوسری جانب راولپنڈیز نے اپنی گیند بازی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر بین سیئرز کو بھی اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے، جو نسیم شاہ اور زمان خان کی انجری کے بعد ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔ بین سیئرز ڈھائی کروڑ روپے میں شامل کیے گئے ہیں اور یہ ان کا پاکستان سپر لیگ میں پہلا میچ ہوگا۔ وہ اس سے قبل میجر لیگ کرکٹ میں واشنگٹن فریڈم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔بین الاقوامی سطح پر بین سیئرز ستائیس بیس اوورز میچز میں اکتیس وکٹیں جبکہ چار ایک روزہ میچز میں دس وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ادھر زمان خان کو قومی بیس اوورز کپ کے دوران کندھے کی انجری کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ان کی جگہ جلات خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔محمد رضوان کی قیادت میں راولپنڈیز اپنا اگلا میچ دس اپریل کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلے گی۔
نسیم شاہ زخمی، راولپنڈیز میں مبصر خان اور بین سیئرز کی انٹری
3 گھنٹے قبل