مائیک ہیسن کا مؤقف: اسپن وکٹوں پر تنقید مسترد، ورلڈ کپ تیاری پر بحث بے بنیاد قرار

1 گھنٹے قبل
مائیک ہیسن کا مؤقف: اسپن وکٹوں پر تنقید مسترد، ورلڈ کپ تیاری پر بحث بے بنیاد قرار

لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں اسپن وکٹوں کے استعمال پر ہونے والی تنقید کو مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ آئندہ ورلڈ کپ کی تیاری صرف تیز اور باونسی وکٹوں پر کھیلنے تک محدود ہونی چاہیے۔پہلے میچ کے بعد بعض کرکٹ ماہرین اور مبصرین نے اسپن کے لیے سازگار وکٹوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو جنوبی افریقا میں ہونے والے ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے فاسٹ اور باونسی وکٹوں پر زیادہ توجہ دینی چاہیے۔تاہم مائیک ہیسن نے اس موقف کو رد کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقا کی تمام وکٹیں یکساں طور پر تیز اور باونسی نہیں ہوتیں، اس لیے اس حوالے سے عمومی تاثر درست نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے یہ بحث سن رہے ہیں کہ پاکستان میں تیار کی جانے والی وکٹیں ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے موزوں نہیں، لیکن حقیقت اس سے مختلف ہے۔ہیڈ کوچ کے مطابق 2027 کا ورلڈ کپ صرف جنوبی افریقا میں نہیں بلکہ زمبابوے اور نمیبیا میں بھی کھیلا جائے گا، جہاں اسپن بولنگ کا اہم کردار ہوتا ہے، اس لیے پاکستان کو ہر قسم کی کنڈیشنز کے لیے تیار رہنا ہوگا۔