مشرقِ وسطیٰ کشیدگی، عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا
نیویارک ( کامرس ڈیسک)مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی، آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں پر حملوں اور سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنائے جانے کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں رواں ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی ہیں، جس سے عالمی سطح پر تیل کی برآمدات متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی معیار کے حامل برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 38 سینٹ (0.39 فیصد) کی معمولی کمی کے بعد 96.19 ڈالر فی بیرل رہی، تاہم اس سے ایک روز قبل برینٹ کی قیمت میں تقریباً 2 ڈالر فی بیرل کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے بعد یہ 6 نومبر کے بعد اپنی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔ دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 1.73 ڈالر یا 2.07 فیصد اضافے کے ساتھ 85.41 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی، جبکہ امریکا میں یومِ تشکر (تھینکس گیونگ) کی تعطیل کے باعث جمعرات کو ڈبلیو ٹی آئی کے سودوں کی باقاعدہ بندش نہیں ہوسکی۔معاشی تجزیہ کاروں برائن مارٹن اور ڈینیئل ہائنس کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے بحران میں کسی بڑے اضافے کے بغیر بھی برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کی نفسیاتی حد سے تجاوز کرسکتی ہے، بشرطیکہ عالمی منڈی میں تیل کی دستیاب رسد میں کمی کے واضح شواہد سامنے آئیں۔رپورٹ کے مطابق خام تیل کے دونوں عالمی بینچ مارکس مسلسل چار ہفتوں کی مندی کے بعد پہلی مرتبہ ہفتہ وار اضافے کی جانب گامزن ہیں۔ قبل ازیں گزشتہ ہفتوں میں قیمتوں میں کمی کی ایک بڑی وجہ یہ توقع تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے خلاف فوجی کارروائی میں مزید شدت نہیں لائیں گے، تاہم خطے میں حالیہ حملوں نے منڈی کے رجحان کو دوبارہ تیزی کی جانب موڑ دیا ہے۔