چین میں آتش بازی فیکٹری میں خوفناک دھماکہ، 21 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

4 گھنٹے قبل
چین میں آتش بازی فیکٹری میں خوفناک دھماکہ، 21 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

بیجنگ ( مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے صوبہ ہونان کے علاقے لیویانگ میں آتش بازی کا سامان بنانے والی ایک فیکٹری میں زور دار دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور 61 زخمی ہو گئے ہیں۔چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دھماکہ شام کے وقت پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں دھوئیں کے بڑے بادل اٹھتے دیکھے گئے جبکہ متعدد مسلسل دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں قریبی پہاڑی علاقے سے تباہی کے مناظر دکھائی دیے، جہاں فیکٹری مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن چکی تھی۔ڈرون سے حاصل ہونے والی تصاویر میں ریسکیو اہلکاروں کو ملبہ ہٹاتے دیکھا گیا، جبکہ دھماکے کی شدت کے باعث قریبی عمارتوں کی چھتیں اڑ گئیں اور متعدد مقامات پر آگ بھی بھڑک اٹھی جس پر بعد ازاں قابو پا لیا گیا۔حکام کے مطابق واقعے کے بعد بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور 480 سے زائد اہلکار ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ متاثرہ علاقے کے گرد تین کلومیٹر کا کنٹرول زون قائم کر کے عوام کو وہاں سے منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس نے کمپنی کے بعض ذمہ داران کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے لاپتہ افراد کی تلاش اور ذمہ داران کے تعین کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔