افغانستان سے فلپائن منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام
منیلا (مانیٹرنگ ڈیسک)افغان طالبان کے زیر قبضہ افغانستان میں منشیات کی اسمگلنگ کا بڑھتا ہوا نیٹ ورک خطے کے لیے سنگین خطرہ بنتا جارہا ہے۔فلپائن کے کسٹمز حکام نے منیلا انٹرنیشنل کنٹینر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ فلپائن کے کسٹمز بیورو اور انسداد منشیات ادارے کی مشترکہ کارروائی کے دوران دو کنٹینرز سے 43 کلوگرام میتھ ایمفیٹامین برآمد کی گئی۔فلپائنی کسٹمز اور انسداد منشیات ادارے نے خفیہ اطلاع پر افغانستان سے آنے والی مشتبہ کھیپ کی مکمل تلاشی لی، جس کے نتیجے میں منشیات برآمد ہوئیں۔فلپائنی حکام کے مطابق برآمد شدہ منشیات کی عالمی منڈی میں مالیت تقریباً 51 لاکھ امریکی ڈالر ہے۔ منشیات کو ٹالک پتھر سے مشابہ پیکٹوں میں چھپا کر تجارتی سامان کے درمیان رکھا گیا تھا۔فلپائن کے کسٹمز کمشنر ایریل نیپوموسینو کے مطابق سخت نگرانی، خطرات کے مؤثر جائزے اور سرحدی نگرانی کے مؤثر نظام نے منشیات کی روک تھام میں اہم کردار ادا کیا۔ماہرین کے مطابق افغان طالبان کی حکومت نے افغانستان کو منشیات پر مبنی معیشت پر انحصار کرنے والی ناکام ریاست میں تبدیل کردیا ہے۔