پی سی بی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان، کپتانی اور کوچنگ سیٹ اپ زیر غور

10 گھنٹے قبل
پی سی بی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان، کپتانی اور کوچنگ سیٹ اپ زیر غور

لاہور ( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بڑے پیمانے پر انتظامی اور ٹیم سطح پر تبدیلیوں کی تیاری شروع کر دی ہے۔ ٹیسٹ کپتانی میں تبدیلی کا معاملہ زیر غور ہے اور شان مسعود کی جگہ سلمان علی آغا کو ذمہ داری سونپے جانے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت ہفتے کو اہم اجلاس متوقع ہے جس میں قومی کرکٹ کے نظام، اہم عہدوں اور ٹیم معاملات سے متعلق بڑے فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔ٹیسٹ ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ کوچنگ سیٹ اپ میں بھی بڑی تبدیلیوں کی اطلاعات ہیں۔ سابق کپتان سرفراز احمد کے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے جبکہ سابق کپتان یونس خان کو ٹیسٹ ہیڈ کوچ بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔اسی طرح سابق کرکٹر محمد حفیظ کو ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ کے اہم عہدے کے لیے زیر غور لایا جا رہا ہے۔ ان ممکنہ تقرریوں کا مقصد ٹیم کے ڈھانچے کو ازسرنو مضبوط بنانا اور کارکردگی میں بہتری لانا بتایا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی میں بھی رد و بدل کا امکان موجود ہے اور موجودہ کارکردگی کے پیش نظر بعض سلیکٹرز کو تبدیل کیے جانے کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔ کرکٹ آپریشنز سمیت دیگر اہم انتظامی عہدوں پر بھی نئے چہروں کی شمولیت پر غور جاری ہے۔