لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 کی میزبانی پاکستان کو دے دی ہے۔آئی سی سی کے مطابق اس فیصلے کی باقاعدہ منظوری حالیہ اجلاس میں دی گئی ہے، جس کے بعد پاکستان ایک اور بڑے عالمی کرکٹ ایونٹ کی میزبانی کرنے والا ملک بن گیا ہے۔اس سے قبل بھی پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی سمیت اہم بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی دی جا چکی ہے، اور اب ویمنز ورلڈ کپ کی میزبانی کو ملکی کرکٹ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 میں مجموعی طور پر 12 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ان میں 10 ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کریں گی، جن میں 2026 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹاپ 8 ٹیمیں، میزبان ملک (اگر پہلے سے کوالیفائی نہ کرے) اور آئی سی سی رینکنگ میں اگلی بہترین ٹیمیں شامل ہوں گی۔باقی دو ٹیموں کا فیصلہ گلوبل کوالیفائر ٹورنامنٹ کے ذریعے کیا جائے گا، جس میں مختلف ریجنل مقابلے بھی شامل ہوں گے۔آئی سی سی کے مطابق بھارت کی ٹیم کے میچز نیوٹرل وینیو پر کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ ٹورنامنٹ کے مقامات اور تفصیلی شیڈول پر حتمی فیصلہ جولائی میں ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔
پاکستان کو بڑی کامیابی: ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 کی میزبانی مل گئی
2 گھنٹے قبل