معاذ صداقت کی جارحانہ اننگز، پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر نیا ریکارڈ بنا دیا
لاہور( سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے نوجوان بیٹر معاذ صداقت کی شاندار بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔راولپنڈی میں اتوار کو کھیلے گئے مقابلے میں معاذ صداقت اپنی پہلی بین الاقوامی سنچری مکمل کرنے سے محض چار رنز پیچھے رہ گئے، تاہم ان کی دھواں دار اننگز نے قومی ٹیم کو تاریخی مجموعہ ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کیا۔پاکستان نے معاذ صداقت کے ۵۱ گیندوں پر ۹۶ رنز کی بدولت مقررہ ۲۰ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر ۲۱۵ رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں چھ چوکے اور سات چھکے شامل تھے۔یہ اپنی سرزمین پر ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کا اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ اس سے قبل قومی ٹیم نے ۲۰۲۱ء میں کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین وکٹوں پر ۲۰۸ رنز بنائے تھے۔مجموعی طور پر یہ ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ قومی ٹیم نے ۲۰۲۱ء میں ناٹنگھم میں انگلینڈ کے خلاف چھ وکٹوں پر ۲۳۲ رنز بنائے تھے۔معاذ صداقت نے کپتان صاحبزادہ فرحان کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے ۸۸ رنز کی اہم شراکت بھی قائم کی۔معاذ کے سات چھکے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کی ایک اننگز میں کسی پاکستانی بیٹر کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگانے کے ریکارڈ کے برابر ہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ اپنا دوسرا ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلنے والے معاذ صداقت نے پہلے میچ میں بھی نصف سنچری اسکور کی تھی۔