واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)واشنگٹن میں سامنے آنے والے ایک نئے سروے کے مطابق ایران کے خلاف ممکنہ جنگ کے حوالے سے امریکی عوام میں واضح تقسیم اور محدود حمایت پائی جاتی ہے۔میری لینڈ یونیورسٹی، اِپسوس اور بروکنگز ادارے کے مشترکہ سروے میں 15 سے 21 مئی کے دوران 1377 بالغ امریکی شہریوں سے رائے لی گئی۔نتائج کے مطابق 56 فیصد شرکاء نے کہا کہ ایران سے متعلق موجودہ تنازع امریکہ کے اندرونی اور بیرونی مفادات پر مثبت کے مقابلے میں زیادہ منفی اثرات ڈال رہا ہے۔سیاسی وابستگی کے لحاظ سے رائے میں واضح فرق دیکھا گیا، جہاں 88 فیصد ڈیموکریٹ حامیوں نے اس جنگ کو امریکہ کے لیے نقصان دہ قرار دیا، جبکہ ریپبلکن حامیوں میں 33 فیصد نے اسی رائے سے اتفاق کیا۔ایک اور سوال میں صرف 16 فیصد افراد نے کہا کہ امریکہ اس جنگ میں کامیابی کی طرف بڑھ رہا ہے یا پہلے ہی کامیاب ہو چکا ہے۔ریپبلکن ووٹروں میں یہ شرح 39 فیصد رہی، جبکہ ڈیموکریٹ ووٹروں میں صرف 1 فیصد نے اس مؤقف کی حمایت کی۔سروے کے مطابق مجموعی طور پر امریکی عوام میں ایران کے خلاف جنگ کے حوالے سے شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں اور اس کی حمایت محدود نظر آتی ہے، خصوصاً ڈیموکریٹ حلقوں میں۔
ایران کے خلاف جنگ کیلئے امریکی عوامی حمایت محدود، نئے سروے میں انکشاف
11 گھنٹے قبل