لبنان جنگ بندی سے باہر، خطے میں کشیدگی برقرار رہنے کا خدشہ

2 گھنٹے قبل
لبنان جنگ بندی سے باہر، خطے میں کشیدگی برقرار رہنے کا خدشہ

تل ابیب ( مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے ساتھ مجوزہ جنگ بندی میں لبنان کو شامل نہیں کیا جائے گا۔جاری کردہ بیان کے مطابق اسرائیل نے ایران کے خلاف حملے دو ہفتوں کے لیے معطل کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، تاہم اس کے لیے چند شرائط رکھی گئی ہیں جن میں ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو فوری کھولنا اور امریکا، اسرائیل سمیت خطے کے دیگر ممالک پر حملے روکنا شامل ہے۔اسرائیلی حکام نے واضح کیا کہ یہ جنگ بندی صرف ایران تک محدود ہوگی اور لبنان اس میں شامل نہیں، جس سے اس محاذ پر کشیدگی برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل امریکا کی ان کوششوں کی حمایت کرتا ہے جن کا مقصد ایران کو جوہری، میزائل اور دیگر خطرات سے روکنا ہے، اور اسے خطے کی سلامتی کے لیے ایک بڑا چیلنج سمجھا جاتا ہے۔دوسری جانب ایران کی طرف سے اس بیان پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ ماہرین کے مطابق لبنان کو جنگ بندی سے باہر رکھنے سے خطے میں تناؤ مزید بڑھ سکتا ہے۔