کراچی کی سست وکٹ بے نقاب، پشاور زلمی کی فتح پر مصباح الحق کے اہم انکشافات

3 گھنٹے قبل
کراچی کی سست وکٹ بے نقاب، پشاور زلمی کی فتح پر مصباح الحق کے اہم انکشافات

کراچی( سپورٹس ڈیسک)پی ایس ایل گیارہ میں کراچی کنگز کو شکست دینے کے بعد پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ اور سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے کراچی کی وکٹ کو سست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیٹرز کو یہاں جم کر کھیلنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور کے مقابلے میں کراچی میں کھیلے جانے والے مرحلے میں وکٹ کی نوعیت مختلف ہے، جہاں کھلاڑیوں کے لیے زیادہ دیر تک کریز پر رکنا آسان نہیں۔ انہوں نے افتخار احمد کو ایک تجربہ کار بولر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم اپنی فارم بحال کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں اور وہ جلد اپنے اصل کھیل میں واپس آئیں گے۔ انہوں نے ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی کامیابی کی راہ پر گامزن ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی کوچنگ کے دوران کوشش کرتے ہیں کہ اپنے تجربے سے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچائیں۔دوسری جانب کراچی کنگز کے کھلاڑی معین علی نے شکست تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ پشاور زلمی نے بہتر کھیل پیش کیا اور کامیابی حاصل کی، جبکہ کراچی کنگز اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ حریف ٹیم نے عمدہ بیٹنگ کے بعد شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت اپنے نام کی۔