اسرائیلی انتخابات، نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی کو برتری کا امکان
تل ابیب ( مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیل میں انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے جبکہ ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ ابتدائی ایگزٹ پولز کے مطابق کسی بھی جماعت یا سیاسی بلاک کو حکومت بنانے کیلئے واضح اکثریت ملنے کا امکان نہیں۔اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی پارلیمنٹ کی 120 نشستوں میں سے 24 حاصل کرکے سب سے بڑی جماعت بن سکتی ہے، جبکہ ان کے حریف اور سابق فوجی سربراہ گادی آئزن کوٹ کی قیادت والی جماعت کو 22 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔اسرائیلی چینل 11 کے ایگزٹ پول کے مطابق آئزن کوٹ کا سیاسی بلاک نیتن یاہو کے بلاک سے بڑا ہوسکتا ہے۔ آئزن کوٹ نے ایگزٹ پولز پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیلی عوام کو نیتن یاہو پر اعتماد نہیں ہے۔اسرائیلی پارلیمنٹ کی 120 نشستوں میں حکومت بنانے کیلئے کم از کم 61 نشستوں کی اکثریت درکار ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق ایگزٹ پولز سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیتن یاہو اور ان کے حریف، دونوں میں سے کسی کو بھی حکومت سازی کیلئے مطلوبہ اکثریت ملنے کا امکان نہیں۔حتمی نتائج سامنے آنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں جبکہ حکومت سازی کا عمل طویل ہونے کا امکان بھی ہے۔ اس سیاسی تعطل کے نتیجے میں نیتن یاہو نگران حیثیت میں اقتدار برقرار رکھ سکتے ہیں۔