تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں عباس عراقچی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک پرانی ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں امریکی صدر نے غلطی سے آبنائے ہرمز کو آبنائے ٹرمپ قرار دیا تھا اور بعد میں اسے اپنی لغزش تسلیم کیا تھا۔ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی صدر کو پینٹاگون کی جانب سے گھڑی گئی اصطلاحات کے بجائے خلیج فارس کا درست نام استعمال کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق آبنائے ہرمز کو کسی اور نام سے پکارنا ایک سنگین غلطی ہے۔عباس عراقچی نے مزید کہا کہ اس نوعیت کے بیانات نہ صرف تاریخی اور جغرافیائی حقائق کے خلاف ہیں بلکہ خطے میں غیر ضروری کشیدگی اور تنازعات کو بھی بڑھا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر آبنائے ہرمز کا ایک نیا نقشہ شیئر کیا تھا جس میں اسے مبینہ طور پر آبنائے ٹرمپ کے نام سے ظاہر کیا گیا ہے۔