جنگ کے سائے کے باوجود ایران امریکہ میں ورلڈ کپ میں شرکت کرےگا، فیفا صدر کی تصدیق

3 گھنٹے قبل
جنگ کے سائے کے باوجود ایران امریکہ میں ورلڈ کپ میں شرکت کرےگا، فیفا صدر کی تصدیق

وا شنگٹن( سپورٹس ڈیسک)فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے اعلان کیا ہے کہ ایران آئندہ عالمی کپ میں یقینی طور پر شرکت کرے گا، جس کے بعد اس حوالے سے جاری غیر یقینی صورتحال ختم ہو گئی ہے۔ایک اقتصادی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باوجود ایران نے عالمی کپ کے لیے اہلیت حاصل کر لی ہے اور وہ اپنے عوام کی نمائندگی کے لیے میدان میں اترے گا، امید ہے کہ اس وقت تک حالات معمول پر آ جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ایرانی کھلاڑی عالمی مقابلوں میں شرکت کے لیے پُرعزم ہیں اور کھیل کے ذریعے اپنے ملک کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں۔قبل ازیں بھی وہ اس مؤقف کا اظہار کر چکے ہیں جب انہوں نے ترکی کے شہر انطالیہ میں ایران اور کوسٹاریکا کے درمیان دوستانہ مقابلہ دیکھا تھا۔شیڈول کے مطابق ایران اپنے گروپ کے تمام میچز امریکا میں کھیلے گا، جن میں دو مقابلے لاس اینجلس اور ایک سیاٹل میں ہوگا، جبکہ ٹیم کا قیام ایریزونا کے شہر ٹکسن میں ہوگا۔واضح رہے کہ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے اس عالمی مقابلے میں ایران کی شرکت حالیہ کشیدگی کے باعث غیر یقینی دکھائی دے رہی تھی، تاہم اب اس کی باضابطہ تصدیق کر دی گئی ہے۔