ایران اور لبنان کے درمیان لفظی جنگ شدت اختیار کر گئی، سخت بیانات کا تبادلہ

8 گھنٹے قبل
ایران اور لبنان کے درمیان لفظی جنگ شدت اختیار کر گئی، سخت بیانات کا تبادلہ

 تہران( مانیٹرنگ ڈیسک)ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے لبنانی صدر جوزف عون کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے شدید الفاظ استعمال کیے ہیں۔جاری بیان میں اسماعیل بقائی نے کہا کہ لبنانی صدر اپنے ساتھ کھڑے لوگوں کو بیچتے ہیں اور اپنے خلاف کھڑے لوگوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ان کے مطابق لبنانی صدر نے اپنے حمایتیوں کو نظر انداز کیا ہے اور ان لوگوں کے پیچھے چل رہے ہیں جو ان کے خلاف ہیں۔اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی لبنانی صدر کے بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ لبنانی صدر کے بیانات سے ایسا تاثر ملتا ہے جیسے لبنان کے ایک بڑے حصے پر ایران کا کنٹرول ہو، جبکہ ایران پر ایسے الزامات حقیقت کے منافی ہیں۔عباس عراقچی نے مزید کہا کہ لبنان کو اصل دشمن سے خود کو بچانا چاہیے اور امریکا کے ساتھ تعلقات کے تناظر میں ایران کو نشانہ بنانا درست نہیں۔واضح رہے کہ لبنانی صدر جوزف عون نے ایک امریکی ٹی وی انٹرویو میں الزام عائد کیا تھا کہ ایران، امریکا کے ساتھ جاری کشیدگی میں لبنان کو بطور سودے بازی استعمال کر رہا ہے، اور ایران کو لبنان کے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔