تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک)ایراننے خبردار کیا ہے کہ جو ممالک ایران کے خلاف امریکی پابندیوں پر عمل درآمد کریں گے انہیں اہم بحری راستے آبنائے ہرمز سے گزرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایرانی فوج کے ترجمان اکرمی نیا نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف پابندیوں کو نافذ کرنے والے ممالک کو آبنائے ہرمز میں عملی مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ کشیدگی کے دوران مخالف فریق اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا اور ایران کے سیاسی نظام کا توازن بھی متاثر نہیں ہوا۔اکرمی نیا کے مطابق جنگ کے دوران ایران کے اندر اتحاد اور قومی یکجہتی مزید مضبوط ہوئی، جس کا اظہار عوام کی بڑی تعداد میں سڑکوں پر موجودگی سے ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ مخالف قوتیں ایران کی مزاحمت کو کمزور کرنے میں ناکام رہیں اور بالآخر انہیں جنگ بندی پر آمادہ ہونا پڑا۔ ان کے مطابق جنگ بندی کے دوران ایران نے اپنی عسکری صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا اور دفاعی و جارحانہ حکمت عملیوں کو اپ ڈیٹ کیا ہے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں تناؤ برقرار ہے اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والے عالمی تیل و توانائی کے تجارتی راستے عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ اس اہم آبی گزرگاہ سے دنیا کی توانائی سپلائی کا بڑا حصہ گزرتا ہے، اس لیے کسی بھی کشیدگی کا عالمی منڈیوں پر براہِ راست اثر پڑ سکتا ہے۔
آبنائے ہرمز میں رکاوٹوں معا ملے پر ایران کی امریکی پابندیوں پر عمل کرنے والے ممالک کو وار ننگ
3 دن قبل