ایران کی فٹبال ٹیم عالمی کپ 2026 میں شرکت کے لیے مکمل تیار

2 گھنٹے قبل
ایران کی فٹبال ٹیم عالمی کپ 2026 میں شرکت کے لیے مکمل تیار

تہران( سپورٹس ڈیسک) ایران نے شمالی امریکا میں شیڈول بین الاقوامی فٹبال فیڈریشن کے عالمی کپ 2026 میں شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی فٹبال ٹیم ایونٹ میں شرکت کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے سرکاری نشریاتی ادارے کو بتایا کہ وزارت کھیل و نوجوانان نے ٹیم کی شرکت کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ ان کے مطابق یہ اقدامات وزیر کھیل کی ہدایت پر کیے گئے ہیں تاکہ کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔یاد رہے کہ بین الاقوامی فٹبال فیڈریشن کے صدر نے بھی گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایران کی ٹیم عالمی کپ میں شرکت کرے گی اور کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے۔عالمی کپ 2026 امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں چھ جون سے گیارہ جولائی تک کھیلا جائے گا۔ ایران کو گروپ جی میں رکھا گیا ہے جہاں اس کا مقابلہ بیلجیم، مصر اور نیوزی لینڈ سے ہوگا جبکہ اس کے تمام گروپ میچ امریکا میں شیڈول ہیں۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل خطے کی کشیدگی اور ایران کی جانب سے بائیکاٹ کی دھمکی کے بعد اس کی شرکت پر شکوک پیدا ہوئے تھے تاہم بعد ازاں معاملات واضح ہو گئے اور ایران نے ایونٹ میں شرکت کا فیصلہ برقرار رکھا۔