ایران کی امریکی دعووں کی تردید، یو اے ای پر حملے کو “جوابی کارروائی” قراردیدیا

4 گھنٹے قبل
ایران کی امریکی دعووں کی تردید، یو اے ای پر حملے کو “جوابی کارروائی” قراردیدیا

تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک) پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے امریکا کی جانب سے ایرانی تیز رفتار کشتیوں کو نشانہ بنانے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کی کوئی بڑی عسکری کارروائی یا نقصان واقع نہیں ہوا۔ایرانی میڈیا کے مطابق ترجمان نے واضح کیا کہ امریکی افواج کی جانب سے ایرانی بحری کشتیوں کو نشانہ بنانے کی اطلاعات بے بنیاد ہیں، اور تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ عمان کے ساحل کے قریب دو چھوٹی کشتیاں فائرنگ کی زد میں آئیں جن میں سوار پانچ عام شہری جان کی بازی ہار گئے۔پاسدارانِ انقلاب کے مطابق امریکا کی حالیہ کارروائیاں خطے میں کشیدگی کو بڑھا رہی ہیں، جبکہ متحدہ عرب امارات کے خلاف ہونے والے حملے کو انہوں نے “جوابی ردعمل” قرار دیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ فجیرہ میں تیل تنصیبات پر حملہ کسی پیشگی منصوبے کا حصہ نہیں تھا بلکہ یہ امریکی عسکری مہم جوئی کا نتیجہ ہے۔ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ بھی اسی نوعیت کی کارروائیاں جاری رہیں تو ایران خطے میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔