تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے امریکی حملوں کے بعد بھرپور جوابی کارروائی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں موجود متعدد امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ایرانی فوجی کمان کے مرکزی ادارے خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی امریکی جارحیت کے جواب میں کی گئی ہے۔ بیان کے مطابق ایران نے خطے میں بعض امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے اور اگر امریکی حملے جاری رہے تو اس سے بھی زیادہ سخت ردعمل دیا جائے گا۔ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق امریکی حملوں کے نتیجے میں جنوبی ایران کے علاقے سیریک میں ایک ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کو نقصان پہنچا جبکہ دو پانی کے ذخائر بھی تباہ ہوئے۔پاسدارانِ انقلاب نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ جواباً بحرین میں تعینات امریکی ففتھ فلیٹ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی موجودگی کے خلاف دفاعی اقدامات جاری رہیں گے۔دوسری جانب روسی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے جم کے علاقے میں امریکا کا ایک ایم کیو نائن ڈرون تباہ کر دیا ہے، تاہم امریکی حکام کی جانب سے اس کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ایرانی میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اردن میں واقع امریکی الازرق فوجی اڈے پر بھی میزائل حملہ کیا ہے۔ بیان کے مطابق اس حملے میں چار اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا جن میں لڑاکا طیاروں کے ہینگرز اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر شامل ہیں۔
ایران کا امریکی حملوں کے جواب میں جوابی کارروائی کا دعویٰ، متعدد اڈوں کو نشانہ بنانے کا اعلان
10 گھنٹے قبل