ایرانی پاسداران کا امریکی بحری جہازوں اور آئل ٹینکروں پر حملوں کا دعویٰ

ایرانی پاسداران کا امریکی بحری جہازوں اور آئل ٹینکروں پر حملوں کا دعویٰ

Sep 9, 2026|ویب ڈیسک

تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے امریکی فورسز کی جانب سے 5 ایرانی آئل ٹینکروں کو نشانہ بنائے جانے کے دعوے کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد میزائل حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔ایرانی پاسداران انقلاب نے خلیج فارس میں مجموعی طور پر 20 بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔پاسداران انقلاب کے مطابق ایرانی بحریہ نے خلیج فارس میں 2 امریکی بحری جہازوں اور 8 آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا، جبکہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے مزید 10 بحری جہاز بھی حملوں کی زد میں آئے۔ایرانی فورسز کا کہنا ہے کہ یہ بحری جہاز آبنائے ہرمز کے ایک ممنوع اور غیر محفوظ راستے سے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔پاسداران انقلاب کے مطابق کارروائی ایرانی آئل ٹینکروں پر امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی، جس کے دوران امریکا سے بدلہ لیتے ہوئے دشمن کو غیر معمولی نقصان پہنچایا گیا۔دوسری جانب ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاسداران انقلاب نے امریکی آئل ٹینکرز پر حملے کے بعد اردن کے علاقے الازرق میں قائم امریکی فوجی اڈے کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔تاہم اردن کی جانب سے امریکی فوجی اڈے پر ہونے والے مبینہ میزائل حملے کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔