ایران اور روس کے درمیان 25 ارب ڈالر کا جوہری تعاون معاہدہ

11 گھنٹے قبل
ایران اور روس کے درمیان 25 ارب ڈالر کا جوہری تعاون معاہدہ

تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران اور روس کے درمیان جوہری شعبے میں تعاون کے لیے 25 ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔اس معاہدے کے تحت ایران کے جوہری ڈھانچے کو وسعت دی جائے گی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔ماسکو میں ہونے والی ایک آن لائن کانفرنس میں دونوں ممالک کے حکام اور ماہرین نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایران کے سفیر کاظم جلالی نے کہا کہ ہرمز منصوبہ اور بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ کی توسیع پُرامن جوہری توانائی کے شعبے میں ایران اور روس کے درمیان اہم منصوبوں میں شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ اس وقت فعال ہے جبکہ اس کے دوسرے اور تیسرے یونٹس زیر تعمیر ہیں۔ایرانی سفیر کے مطابق 25 ارب ڈالر کے ہرمز منصوبے پر ایران کا نجی شعبہ اور روس کی سرکاری ایٹمی کمپنی روساتوم مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے چھوٹے پیمانے کے جوہری بجلی گھروں کے منصوبوں میں بھی پیش رفت کی امید ظاہر کی اور کہا کہ یہ منصوبے جلد عملی مرحلے میں داخل ہو سکتے ہیں۔مزید کہا گیا کہ روسی گیس کی ایران کے ذریعے ترسیل اور یوریشیائی ممالک کے ساتھ تجارت میں توسیع دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے تعاون کا حصہ ہیں۔ایرانی سفیر نے مختلف عالمی فورمز پر روس کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے توانائی، ٹرانسپورٹ، جدید ٹیکنالوجی اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔