ایران کا امریکہ پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام، سخت جوابی کارروائی کی دھمکی

8 گھنٹے قبل
ایران کا امریکہ پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام، سخت جوابی کارروائی کی دھمکی

تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے امریکہ پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کسی بھی جارحیت کا بغیر کسی ہچکچاہٹ کے بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔ایران کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈ کوارٹرز کے ترجمان کے مطابق امریکی فورسز نے آبنائے ہرمز کی جانب جانے والے ایک ایرانی آئل ٹینکر اور فجیرہ بندرگاہ کے قریب داخل ہونے والے ایک دوسرے جہاز کو نشانہ بنایا۔ترجمان نے دعویٰ کیا کہ امریکی کارروائی ایرانی ساحلی علاقے جاسک سے آبنائے ہرمز کی جانب بڑھنے والے ٹینکر پر کی گئی، جبکہ بعض خطے کے ممالک کے تعاون سے خمیر، سیریک اور جزیرہ قشم کے ساحلی علاقوں میں شہری آبادی کو بھی فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ایرانی فوج کے مطابق اس کے جواب میں فوری کارروائی کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کے مشرق اور چابہار بندرگاہ کے جنوب میں موجود امریکی جنگی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا، جس سے انہیں نقصان پہنچا۔بیان میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ ایران کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور آئندہ کسی بھی حملے کا سخت ردعمل دیا جائے گا۔