ممبئی ( سپورٹس ڈیسک)انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے رواں سیزن میں راجستھان رائلز کے 15 سالہ نوجوان بیٹر ویبھاؤ سوریاونشی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کرکٹ کی دنیا میں اپنا نام روشن کر لیا۔اگرچہ ان کی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکی، تاہم نوجوان کھلاڑی نے انفرادی سطح پر کئی بڑے اعزازات اپنے نام کیے۔ سوریاونشی اس سیزن میں 776 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بنے اور کم عمر ترین اوور آل اورنج کیپ ہولڈر کا اعزاز حاصل کیا۔انہیں راجستھان رائلز نے گزشتہ سیزن سے قبل نیلامی میں ایک کروڑ 10 لاکھ بھارتی روپے میں اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا اور بعد ازاں اسی معاہدے کے تحت ٹیم میں برقرار رکھا گیا۔ شاندار کارکردگی کے باعث ان کی مجموعی آمدن میں نمایاں اضافہ ہوا۔سوریاونشی کو سیزن کا سب سے قیمتی کھلاڑی (موسٹ ویلیو ایبل پلیئر) قرار دیا گیا، جس پر انہیں 15 لاکھ روپے انعام دیا گیا۔ اورنج کیپ جیتنے پر 10 لاکھ روپے، جبکہ سپر اسٹرائیکر آف دی سیزن کے لیے بھی 10 لاکھ روپے اور ٹاٹا سیرا گاڑی ان کے حصے میں آئی۔اسی طرح سپر سکسز آف دی سیزن کے لیے بھی انہیں 10 لاکھ روپے دیے گئے، جبکہ ایمرجنگ پلیئر آف دی سیزن کے ایوارڈ کے ساتھ مزید 10 لاکھ روپے کی نقد رقم ملی۔اس کے علاوہ ہر میچ کے لیے انہیں 7 لاکھ 50 ہزار روپے میچ فیس ادا کی گئی جو مجموعی طور پر تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ روپے بنی۔ مختلف میچ ڈے ایوارڈز جیسے الیکٹرک اسٹرائیکر آف دی میچ اور موسٹ سکسز آف دی میچ پر بھی انہیں ہر بار ایک لاکھ روپے ملتے رہے۔مجموعی طور پر آئی پی ایل 2026 سیزن میں ویبھاؤ سوریاونشی کی آمدن 2 کروڑ 50 لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی، جبکہ ان کی کارکردگی کو سیزن کی سب سے نمایاں پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
آئی پی ایل 2026: 15 سالہ ویبھاؤ سوریاونشی کا ریکارڈ سیزن، کئی اعزازات اور بھاری آمدن
واپس خبروں پر
Category:
سپورٹس