بیروت ( مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل کی جانب سے لبنانی سرزمین میں مبینہ پیش قدمی اور فوجی کارروائیوں کے دائرہ کار میں اضافے پر دنیا بھر سے شدید ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔قطری نشریاتی ادارے کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا ہے کہ لبنان میں جاری بڑے پیمانے پر فوجی کشیدگی میں اضافے کا کوئی جواز نہیں۔ فرانس کے وزیر خارجہ نے اس معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست بھی کر دی ہے۔برطانیہ کی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر نے اسرائیل سے لبنان میں اپنی فوجی سرگرمیاں فوری روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ کشیدگی نے سفارتی کوششوں کے امکانات کو مزید محدود کر دیا ہے۔جرمنی کے وزیر خارجہ جوہان ونڈپال نے اسرائیلی پیش قدمی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں سے فوری طور پر لڑائی ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔قطر نے لبنان پر اسرائیلی حملوں اور جنوبی لبنان میں زمینی کارروائیوں کے پھیلاؤ کی مذمت کرتے ہوئے اسے سنگین اشتعال انگیزی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔مصر کے وزیر خارجہ نے لبنانی وزیر اعظم نواف سلام سے ٹیلیفونک گفتگو میں لبنان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ لبنانی سرزمین کے تمام علاقوں سے مکمل انخلا کرے۔
لبنان پر اسرائیلی کارروائیوں میں اضافے پر عالمی ردِعمل، فوری جنگ بندی کا مطالبہ
3 گھنٹے قبل