عالمی برادری مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے توجہ نہ ہٹائے: ریاض منصور کا انتباہ

11 گھنٹے قبل
عالمی برادری مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے توجہ نہ ہٹائے: ریاض منصور کا انتباہ

نیویارک ( مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل نمائندے ریاض منصور نے خبردار کیا ہے کہ عالمی برادری کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی صورتحال سے اپنی توجہ نہیں ہٹانی چاہیے، کیونکہ اسرائیل خطے میں جاری عدم استحکام سے فائدہ اٹھا کر زمینی حقائق تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔اقوام متحدہ میں عرب گروپ اور اسلامی تعاون تنظیم کے نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریاض منصور نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی صورتحال انتہائی سنگین اور تشویشناک ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ چاہے مغربی کنارہ ہو، مشرقی یروشلم، غزہ کی پٹی یا پورا خطہ، موجودہ اسرائیلی حکومت عالمی توجہ کی کمی اور خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کا فائدہ اٹھا کر بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ریاض منصور کے مطابق اسرائیل فلسطینی علاقوں کے انضمام، دو ریاستی حل کے امکانات کو ختم کرنے اور غزہ میں پہلے سے جاری انسانی بحران کو مزید گہرا کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے اور ایسے اقدامات کی روک تھام کے لیے مؤثر کردار ادا کرے جو خطے میں امن کے امکانات کو مزید کمزور کر سکتے ہیں۔