عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے دوسری شادی کرلی
لندن( مانیٹرنگ ڈیسک) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے دوسری شادی کرلی۔برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق جمائما گولڈ اسمتھ نے 62 سالہ آئرش کاروباری شخصیت کیمرون اورلی سے شادی کی ہے، جس کی جمائما کے بھائی نے بھی تصدیق کردی۔جمائما کی پہلی شادی سابق وزیراعظم عمران خان سے 1995ء میں ہوئی تھی، تاہم دونوں کے درمیان 2004ء میں علیحدگی ہوگئی تھی۔رپورٹ کے مطابق ایوارڈ یافتہ فلم پروڈیوسر جمائما اور آئرش آسٹریلوی کاروباری شخصیت کی ملاقات فلموں اور دستاویزی منصوبوں پر کام کے دوران ہوئی تھی۔جمائما جونز کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں جوڑے کو ایک خوبصورت پتھریلی عمارت کے احاطے میں کنول کے تالاب کے کنارے کھڑے دیکھا جاسکتا ہے۔جمائما نے ہلکے نیلے رنگ کا ڈھیلا لباس زیب تن کر رکھا تھا، جس پر رنگین نباتاتی نقش و نگار اور نیلی پٹی نمایاں تھی، جبکہ کیمرون اورلی گہرے رنگ کے مارننگ کوٹ، ہلکے سرمئی ویسٹ کوٹ اور دھاری دار پتلون میں ملبوس تھے۔