آئی ایم ایف کا وسیع فیول سبسڈی اسکیم فوری ختم کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی جائزہ مذاکرات کے اعلامیے میں وسیع پیمانے پر دی جانے والی ایندھن سبسڈی فوری ختم کرنے پر زور دیا ہے۔اعلامیے کے مطابق پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کے بعد ملک کو ایک ارب 21 کروڑ ڈالر کی رقم ملے گی، جس کی منظوری آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ دے گا۔ عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان کی جانب سے معاشی اہداف کے حصول اور اصلاحات کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا ہے۔آئی ایم ایف کے مطابق جولائی 2025 سے مارچ 2026 تک پاکستان کی معاشی شرح نمو 4 فیصد رہی، تاہم مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث سالانہ شرح نمو 3.6 فیصد تک رہنے کا اندازہ ہے۔ ترسیلات زر میں اضافے نے کرنٹ اکاؤنٹ کو متوازن رکھنے میں مدد دی۔فنڈ نے پیٹرولیم سبسڈی کو مزید وسعت نہ دینے اور اسے صرف مستحق افراد تک محدود رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے مہنگی اور وسیع پیمانے پر دی جانے والی ایندھن سبسڈی اسکیم جلد ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں امداد محدود، ہدفی اور مخصوص مدت کیلئے رکھنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔آئی ایم ایف نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات، واجبات کی وصولی بہتر بنانے، پیداواری لاگت کم کرنے، گیس کے نقصانات گھٹانے اور بروقت ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کو ضروری قرار دیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کو مہنگائی پر قابو پانے کیلئے مناسب حد تک سخت مالیاتی پالیسی برقرار رکھنے اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔