کراچی بندرگاہ سے یورپ کیلئے براہ راست ہفتہ وار شپنگ بحال
Oct 8, 2026|ویب ڈیسک
کراچی( کامرس ڈیسک)کراچی بندرگاہ سے یورپ کیلئے براہ راست ہفتہ وار شپنگ سروس بحال ہوگئی، جس کے بعد پاکستان کا سات یورپی بندرگاہوں سے دوبارہ براہ راست بحری رابطہ قائم ہوگیا ہے۔وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کے مطابق بحری کمپنی ایم ایس سی نے پریمیم آئی پاک سروس دوبارہ شروع کردی ہے، جس کے ذریعے کراچی گیٹ وے ٹرمینل سے یورپی بندرگاہوں تک ہفتہ وار بحری رابطہ بحال ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ براہ راست شپنگ سروس کی بحالی سے برآمدی شعبے کو سہولت ملے گی اور یورپ کیلئے ٹیکسٹائل سمیت دیگر برآمدی سامان کی ترسیل زیادہ مؤثر انداز میں ہوسکے گی۔وفاقی وزیر نے سروس کی بحالی میں کردار ادا کرنے پر کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین اور کراچی گیٹ وے ٹرمینل لمیٹڈ کی انتظامیہ کی کوششوں کو بھی سراہا۔