دبئی( سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی سالانہ میٹنگ 8 تا 11 جولائی 2026 کو اسکٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرا میں ہوگی۔ اس میٹنگ کی منظوری حالیہ آن لائن بورڈ اجلاس میں دی گئی۔میٹنگ کی صدارت جے شاہ کریں گے اور یہ اجلاس ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے فوراً بعد منعقد ہوگا، جو 12 جون سے 5 جولائی تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ امکان ہے کہ فائنل دیکھنے کے لیے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں موجود آئی سی سی اراکین براہِ راست لندن سے ایڈنبرا روانہ ہوں گے۔سالانہ اجلاس میں آئی سی سی کے مختلف اہم معاملات زیر بحث آئیں گے اور کئی اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اجلاس کے ایجنڈے میں آئی سی سی کے 17 رکنی بورڈ کے لیے ایسوسی ایٹ ممبران میں سے 3 ڈائریکٹرز کا انتخاب بھی شامل ہے، جن کی مدت دو سال ہوگی۔متوقع امیدواروں میں اسٹیفن موسیل، روڈی وان وورین، نیل اسپیٹ، سنکر رینگاناتھن، گرومورتھی پالینی، مبشر عثمانی، مہندا والیپورم اور عمران خواجہ شامل ہیں۔ انتخاب میں سخت مقابلے کی توقع ہے اور مختلف ایسوسی ایٹ ممالک کے نمائندے حصہ لیں گے۔یاد رہے کہ آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ پہلے 25 تا 27 مارچ کو دوحہ، قطر میں منعقد ہونی تھی، لیکن خطے میں جنگی صورتحال کے باعث اسے مؤخر کر کے آن لائن اجلاس میں تبدیل کیا گیا۔
ایڈنبرا میں آئی سی سی کی سالانہ میٹنگ، اہم فیصلوں اور ڈائریکٹرز کے انتخاب پر غور
5 گھنٹے قبل