اگر امریکا نے کارروائی کی تو اس کے نتائج اسے بھگتنا ہوں گے: ابراہیم رضائی

1 گھنٹے قبل
اگر امریکا نے کارروائی کی تو اس کے نتائج اسے بھگتنا ہوں گے: ابراہیم رضائی

تہران ( مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کی پارلیمانی قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیشن کے ترجمان ابراہیم رضائی نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی نئی جارحیت کا سخت جواب دیا جائے گا۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر امریکا نے کارروائی کی تو اس کے نتائج اسے بھگتنا ہوں گے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مزید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ابراہیم رضائی کے مطابق امریکا کو ایران کی شرائط تسلیم کرنا ہوں گی یا پھر ایرانی میزائلوں کی طاقت کے سامنے جھکنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران ہر ممکن صورتحال کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔دوسری جانب رپورٹ کے مطابق ایران نے جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کی تازہ تجاویز کا جواب ثالث پاکستان کے ذریعے واشنگٹن کو بھجوا دیا ہے۔الجزیرہ کی رپورٹ میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایران نے منجمد اثاثوں کی بحالی، پابندیوں کے خاتمے اور جنگی نقصانات کے معاوضے کا مطالبہ کیا ہے۔ایران نے بعض خطوں میں جنگ بندی اور بندرگاہوں پر ناکہ بندی ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔