لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ وہ مداحوں کی توقعات کے مطابق کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو پا رہے تاہم مسلسل محنت جاری رکھے ہوئے ہیں۔کراچی میں حیدرآباد کنگزمین کے خلاف میچ میں کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ جس موقع پر وہ آؤٹ ہوئے، وہاں وکٹ نہیں دینی چاہیے تھی۔انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کر رہے ہیں کہ اپنی کارکردگی بہتر بنائیں، خاص طور پر پاور پلے میں ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں کہ انہوں نے میچز ختم نہیں کیے بلکہ وہ ماضی میں کئی میچز کامیابی سے مکمل کر چکے ہیں۔بابر اعظم نے مزید کہا کہ افتخار احمد پچ کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور وہ ان سے مشورہ بھی لیتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ محنت کا نتیجہ ضرور سامنے آئے گا، اگرچہ اس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔