میانی( سپورٹس ڈیسک)فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سنسنی خیز مقابلوں میں شائقین کی غیر معمولی دلچسپی کے باعث نئے ریکارڈز قائم ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق منگل کے روز کھیلے گئے چار میچز میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 81 ہزار 223 شائقین نے اسٹیڈیمز میں موجود ہو کر تاریخ رقم کر دی۔ یہ تعداد 1994 کے ورلڈ کپ میں امریکا میں قائم ہونے والے ایک روزہ ریکارڈ سے بھی زیادہ ہے، جب ایک دن میں 2 لاکھ 77 ہزار 70 افراد نے میچز دیکھے تھے۔منگل کے روز ہونے والے میچز میں فرانس بمقابلہ سینیگال مقابلہ 80 ہزار 545 شائقین نے دیکھا، ارجنٹینا بمقابلہ الجیریا میں 69 ہزار 45 افراد موجود تھے، آسٹریا بمقابلہ اردن میچ میں 68 ہزار 527 جبکہ عراق بمقابلہ ناروے میچ میں 63 ہزار 106 شائقین نے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔ان اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں ہی شائقین کی دلچسپی انتہائی بلند سطح پر پہنچ چکی ہے۔فیفا کے مطابق اس وقت ایونٹ میں فی میچ اوسطاً 65 ہزار 483 شائقین اسٹیڈیم پہنچ رہے ہیں، اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ 1994 میں قائم ہونے والا مجموعی 3.5 ملین تماشائیوں کا ریکارڈ بھی اس بار ٹوٹ سکتا ہے۔