لاہور ( سپورٹس ڈیسک)پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ حنیف ملک اپنی ذمہ داریاں مکمل کرنے کے بعد عہدے سے سبکدوش ہو گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز ان کی قومی ٹیم کے ساتھ آخری سیریز تھی، جس کے بعد انہوں نے اپنے فرائض کا اختتام کر دیا۔حنیف ملک نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اس کے بعد وہ نوٹس پیریڈ پر تھے۔پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ حنیف ملک کی مسکراہٹ کو یاد رکھیں گے اور انہوں نے ٹیم کے ساتھ اپنی مہارت، جذبے اور بہترین کام کے انداز سے بھرپور تعاون کیا۔مائیک ہیسن کے مطابق حنیف ملک ایک اچھے کوچ اور اچھے انسان ہیں، اور وہ ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے بیٹنگ کوچ کی تلاش کے لیے اشتہار جاری کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان وائٹ بال ٹیم کو آئندہ چار ماہ تک کوئی بین الاقوامی مصروفیت درپیش نہیں ہے۔
حنیف ملک پاکستان وائٹ بال ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے عہدے سے سبکدوش
12 گھنٹے قبل