عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مسلسل تیسرے روز گرگئیں

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مسلسل تیسرے روز گرگئیں

Aug 27, 2026|ویب ڈیسک

نیویارک( کامرس ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز کمی ہوئی ہے، جس کی بنیادی وجہ ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے عارضی بحری راستہ کھولنے کے لیے ہونے والی بات چیت کو قرار دیا جارہا ہے۔رپورٹس کے مطابق ایران اور عمان کے مذاکرات کے بعد عالمی سطح پر تیل کی رسد میں ممکنہ رکاوٹ کے خدشات کم ہوئے ہیں، جس سے قیمتوں پر دباؤ بڑھ گیا۔دونوں ممالک نے آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت کے لیے عارضی راستہ قائم کرنے کے امکانات پر گفتگو کی، جس سے سرمایہ کاروں کو امید پیدا ہوئی ہے کہ خطے میں کشیدگی کے باوجود عالمی تیل کی فراہمی جاری رکھنے کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔کاروباری سرگرمیوں کے اختتام پر برینٹ خام تیل 86.28 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 80.29 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی تجارت کی اہم ترین گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے روزانہ بڑی مقدار میں خام تیل اور توانائی کی دیگر مصنوعات منتقل ہوتی ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت معمول پر آنے کی امید سے عالمی تیل کی رسد سے متعلق خدشات میں کمی آئی ہے، جس کے نتیجے میں قیمتیں مسلسل تیسرے دن نیچے آگئیں۔