ہیوسٹن ( شوبزنیوز) فیفا عالمی کپ 2026 میں جرمنی نے اپنی مہم کا شاندار آغاز کرتے ہوئے گروپ ای کے پہلے میچ میں پہلی بار عالمی کپ کھیلنے والی کیوراساؤ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں سات گول سے شکست دے دی۔جرمنی نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور چھٹے منٹ میں فیلکس نمیچا نے خوبصورت گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی۔ تاہم کیوراساؤ نے بھی بھرپور مزاحمت کی اور 21ویں منٹ میں لیوانو کومینینسیا نے گول کر کے مقابلہ ایک ایک سے برابر کر دیا۔ یہ عالمی کپ میں کیوراساؤ کی تاریخ کا پہلا گول بھی تھا۔جرمن ٹیم نے 38ویں منٹ میں نیکو شلوٹربیک کے گول کی بدولت دوبارہ برتری حاصل کی، جبکہ پہلے ہاف کے اضافی وقت میں ملنے والی پنالٹی پر کائی ہاورٹز نے گول کر کے اسکور ایک کے مقابلے میں تین کر دیا۔دوسرے ہاف میں جرمنی کا دباؤ مزید بڑھ گیا اور 47ویں منٹ میں جمال موسیالا نے گول کر کے برتری چار ایک کر دی۔ بعد ازاں 68ویں منٹ میں ناتھنئیل براؤن نے اپنے عالمی کپ کیریئر کا پہلا گول اسکور کیا۔جرمنی نے 78ویں منٹ میں ڈینیز اونداؤ کے ذریعے چھٹا گول کیا، جبکہ 88ویں منٹ میں کائی ہاورٹز نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا ساتواں گول کر کے اسکور سات ایک کر دیا۔پانچ منٹ کے اضافی وقت کے بعد میچ اختتام پذیر ہوا اور جرمنی نے عالمی کپ میں ایک بڑی اور یادگار فتح اپنے نام کر لی۔