خلیج تعاون کونسل کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت، مکمل حمایت کا اعلان

خلیج تعاون کونسل کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت، مکمل حمایت کا اعلان

Oct 19, 2026|ویب ڈیسک

منامہ( مانیٹرنگ ڈیسک)خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے مسلسل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مملکت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔بحرین کے دارالحکومت منامہ میں کونسل کی وزارتی کونسل کے 168ویں اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ حوثی ملیشیا نے حرمین شریفین اور ان کے اطراف کے علاقوں، شہری ہوائی اڈوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور بعض شہری زخمی ہوئے۔اعلامیے کے مطابق یہ حملے بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ کونسل نے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔جی سی سی نے واضح کیا کہ رکن ممالک کی سلامتی ناقابلِ تقسیم ہے اور کسی ایک رکن ملک کے خلاف جارحیت کو تمام رکن ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔ کونسل نے سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور مفادات کے تحفظ کے لیے مملکت کے تمام اقدامات کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔کونسل نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے یمن اور حوثی ملیشیا سے متعلق قراردادوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بالخصوص حوثیوں کو اسلحے کی فراہمی روکنے کے لیے عائد پابندیوں پر سختی سے عمل درآمد پر زور دیا۔اعلامیے میں حوثی ملیشیا کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے اور اسے میزائلوں اور ڈرونز کے حصول میں مدد فراہم کرنے والے تمام ذرائع روکنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔جی سی سی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 15 اکتوبر 2026ء کے صدارتی بیان کا خیرمقدم کیا، جس میں سعودی عرب پر حوثی حملوں، بشمول آرامکو کی تنصیبات کو نشانہ بنانے، کی مذمت کی گئی تھی۔ بیان میں بین الاقوامی قانون کے تحت سعودی عرب کے حقِ دفاع کی توثیق بھی کی گئی۔کونسل نے یمن کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے بحران کے سیاسی حل کے لیے مذاکرات اور مفاہمت پر مبنی کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔