منی پور میں دوبارہ ہنگامے، عوام اور فورسز میں تصادم، صورتحال کشیدہ

2 دن قبل
منی پور میں دوبارہ ہنگامے، عوام اور فورسز میں تصادم، صورتحال کشیدہ

نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں ایک بار پھر کشیدگی شدت اختیار کر گئی، مختلف علاقوں میں جھڑپوں اور بدامنی کے واقعات کے باعث صورتحال تشویشناک ہو گئی۔رپورٹس کے مطابق ضلع بشنوپور میں حالات بگڑنے کے بعد عوام اور سکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے جبکہ مختلف مقامات پر ہنگامہ آرائی کے واقعات بھی پیش آئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتعل افراد نے سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں کو نذر آتش کیا اور بعض اہلکاروں کو یرغمال بنانے کے واقعات بھی سامنے آئے، جس کے بعد فورسز کی جانب سے علاقے میں سخت کارروائیاں کی گئیں۔اطلاعات کے مطابق کشیدگی کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے جبکہ حالات کو قابو میں لانے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ منی پور میں جاری صورتحال حکومتی پالیسیوں اور مقامی تنازعات کے باعث پیچیدہ ہو چکی ہے، جس کے باعث امن و امان کی بحالی ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے۔