پیرس( مانیٹرنگ ڈیسک) فرانس نے یورپ کی سب سے بڑی دفاعی نمائش ’’یورو ساٹوری‘‘ میں اسرائیل کی شرکت پر پابندی عائد کر دی ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کشیدگی میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق فرانسیسی حکومت نے اپنے فیصلے سے اسرائیلی وزارتِ دفاع کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ پابندی کے تحت اسرائیل کو نمائش میں اپنے دفاعی نظام، فوجی آلات اور عسکری ٹیکنالوجی کی نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔یہ بین الاقوامی دفاعی نمائش رواں ماہ کے آخر میں پیرس میں منعقد ہو رہی ہے اور اسے یورپ کی اہم ترین دفاعی و سلامتی نمائشوں میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں دنیا کے مختلف ممالک اپنی جدید دفاعی صلاحیتوں اور ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق فرانسیسی فیصلے پر اسرائیلی حکام نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے دفاعی صنعت کے لیے منفی پیش رفت قرار دیا ہے۔دوسری جانب فرانسیسی حکام کا مؤقف ہے کہ نمائش میں شرکت کی اجازت مقررہ ضوابط، شرائط اور سلامتی کے تقاضوں کے مطابق دی جاتی ہے۔مبصرین کے مطابق اس اقدام کے بعد فرانس اور اسرائیل کے درمیان پہلے سے موجود سفارتی اختلافات مزید گہرے ہونے کا امکان ہے۔