شگر فیسٹیول میں فٹبال، پولو مقابلے جاری، الچوڑی کرکٹ چیمپئن
شگر( سپورٹس ڈیسک) شگر میں جشنِ خزاں فیسٹیول کے چوتھے روز بھی فٹبال اور پولو کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔فٹبال کے مقابلوں میں ڈیرہ لمسہ نے گانچھے الیون کو ایک کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دی، جبکہ سکردو فرینڈز نے نگر الیون کو ایک گول سے ہرا دیا۔اماچہ پولو گراؤنڈ میں سکردو نے ڈوغونی کو شکست دی، جبکہ چھوربٹ نے استور کے خلاف پہلے ہاف میں 9 گول کرکے کامیابی حاصل کی۔مقابلے دیکھنے کے لیے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد فیسٹیول میں موجود ہے۔دوسری جانب الچوڑی کرکٹ لیگ سیزن 14 کا فائنل بھی دلچسپ مقابلے کے بعد اختتام پذیر ہوگیا، جس میں الچوڑی نے کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔جشنِ خزاں فیسٹیول کے فٹبال اور پولو مقابلے 8 اکتوبر تک جاری رہیں گے، جبکہ پولو، نیزہ بازی، تیراندازی، رسہ کشی اور روایتی کھانوں کے اسٹالز بھی فیسٹیول کی رونق بڑھا رہے ہیں۔