فلائی دبئی واقعہ: ایران ملوث ہوا تو سخت کارروائی ہوگی، ٹرمپ

فلائی دبئی واقعہ: ایران ملوث ہوا تو سخت کارروائی ہوگی، ٹرمپ

Oct 2, 2026|ویب ڈیسک

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر فلائی دبئی کی پرواز میں پیش آنے والے واقعے میں ایران کا کردار ثابت ہوا تو تہران کے خلاف انتہائی سخت کارروائی کی جائے گی۔ٹرمپ نے کہا کہ انہیں واقعے سے متعلق بریفنگ دی گئی ہے اور اطلاعات کے مطابق پرواز کے معاون پائلٹ کا ایران سے ممکنہ تعلق بھی زیرِ غور ہے۔امریکی صدر سے جب پوچھا گیا کہ آیا ایرانی پاسداران انقلاب نے معاون پائلٹ کو کارروائی کے لیے بھیجا تھا یا وہ خود انتہاپسندانہ خیالات سے متاثر ہوا، تو انہوں نے کہا کہ اس امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر تحقیقات میں ایران کا واقعے سے تعلق ثابت ہوگیا تو ایران کو ’’بہت سخت‘‘ نشانہ بنایا جائے گا۔ تاہم متحدہ عرب امارات نے واقعے کی وجوہات، محرکات اور ممکنہ منصوبہ بندی کا جائزہ لینے کے لیے تحقیقات شروع کر رکھی ہیں۔اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی کہا تھا کہ معاون پائلٹ کے ایران سے تعلق کے بارے میں حتمی نتیجہ اخذ کرنا ابھی قبل از وقت ہے۔تیل کی قیمتوں کے بارے میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران سے متعلق معاملہ ختم ہونے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونا شروع ہوجائیں گی۔ ان کے بقول آبنائے ہرمز سے اس وقت جنگ سے پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیل نکالا جا رہا ہے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کے پاس یا تو ایک انتہائی منصفانہ معاہدے پر دستخط کرنے کا راستہ ہے یا پھر اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔