نیو یارک( مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے آسٹریا، کرغزستان، پرتگال، ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو اور زمبابوے کو سلامتی کونسل کے غیر مستقل ارکان کے طور پر منتخب کر لیا ہے، جن کی دو سالہ مدت یکم جنوری 2027 سے شروع ہوگی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف ممالک کے درمیان ہونے والی ووٹنگ میں سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ جرمنی، جو ایک نشست کے لیے سرگرم تھا، 104 ووٹ حاصل کر کے تیسرے نمبر پر رہا، جبکہ پرتگال کو 134 اور آسٹریا کو 131 ووٹ ملے۔ایشیا پیسیفک گروپ کی نشست کے لیے فلپائن اور کرغزستان کے درمیان مقابلہ کئی راؤنڈ تک جاری رہا، تاہم کرغزستان نے بالآخر مطلوبہ دو تہائی اکثریت حاصل کر کے پہلی بار سلامتی کونسل کی رکنیت حاصل کر لی۔کرغزستان کو 142 ووٹ ملے جبکہ اس کے مقابلے میں 49 ووٹ ڈالے گئے۔سلامتی کونسل اقوام متحدہ کا وہ واحد ادارہ ہے جو بین الاقوامی امن و سلامتی سے متعلق پابند فیصلے، بشمول پابندیاں اور طاقت کے استعمال کی اجازت دینے کا اختیار رکھتا ہے۔اس کونسل میں پانچ مستقل ارکان بھی شامل ہیں جنہیں ویٹو کا حق حاصل ہے، جن میں برطانیہ، چین، فرانس، روس اور امریکا شامل ہیں، جبکہ باقی دس ارکان کو باری باری دو سال کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ نئے غیر مستقل ارکان منتخب
2 گھنٹے قبل