لاہور ( سپورٹس ڈیسک)فیفا ورلڈ کپ 2026 کی آمد کے ساتھ ہی عالمی فٹبال کی سب سے مشہور ٹرافی ایک بار پھر دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ٹرافی 37 سینٹی میٹر بلند اور تقریباً 6 کلوگرام وزنی ہے، جسے 18 قیراط خالص سونے سے تیار کیا گیا ہے۔ اس میں استعمال ہونے والے سونے کی موجودہ عالمی قیمت کے مطابق اس کی مالیت تقریباً ڈھائی لاکھ امریکی ڈالر بنتی ہے، تاہم اس کی تاریخی اہمیت اور نایاب کاریگری کے باعث اس کی ممکنہ نیلامی قیمت 20 ملین ڈالر سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔ٹرافی کا ڈیزائن دو انسانی مجسموں پر مشتمل ہے جو زمین کو اپنے ہاتھوں میں تھامے ہوئے دکھائے گئے ہیں۔ اسے 1970 میں اطالوی مجسمہ ساز سلویو گازانیگا نے تخلیق کیا تھا۔اس کے نچلے حصے میں سبز رنگ کے قیمتی معدنی پتھر ملاکائٹ کی دو تہیں بھی شامل ہیں، جو اس کی خوبصورتی اور انفرادیت میں اضافہ کرتی ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو اصل ٹرافی نہیں دی جاتی۔ فیفا یہ اصل ٹرافی اپنے پاس محفوظ رکھتا ہے، جبکہ فاتح ٹیم کو سونے کی ملمع کاری والی کانسی کی نقل بطور یادگار دی جاتی ہے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کی ٹرافی: قیمتی سونے سے تیار، کروڑوں ڈالر مالیت اور منفرد ڈیزائن
12 گھنٹے قبل