لاہور ( سپورٹس ڈیسک)فیفا ورلڈ کپ 2026 میں استعمال ہونے والی آفیشل میچ بال جدید ترین ٹریکنگ ٹیکنالوجی سے آراستہ ہوگی، جس کے باعث ہر میچ سے قبل اسے چارج کرنا ضروری ہوگا۔اس نئی گیند میں ایک خصوصی سینسر نصب کیا گیا ہے جو کھیل کے دوران گیند کی ہر حرکت، اس کی پوزیشن اور کھلاڑیوں کے ساتھ ہونے والے رابطوں کو حقیقی وقت میں ریکارڈ کرے گا۔یہ نظام اسٹیڈیم میں نصب 12 جدید کیمروں کے ساتھ منسلک ہوگا، جو فی سیکنڈ 50 مرتبہ ڈیٹا جمع کر کے وی اے آر حکام کو فراہم کرے گا۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے آف سائیڈ اور گول لائن فیصلوں میں مزید درستگی آئے گی اور متنازع فیصلوں کے امکانات کم ہوں گے۔رپورٹس کے مطابق اس بار سینسر کو گیند کے اندر ایک پینل میں براہِ راست نصب کیا گیا ہے، جبکہ اس کا وزن تقریباً پہلے جیسا ہی رکھا گیا ہے تاکہ کھلاڑی کھیل کے دوران کسی فرق کو محسوس نہ کر سکیں۔ماہرین کے مطابق یہ جدید نظام فٹبال میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو ایک نئی سطح تک لے جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس بال کا ڈیزائن جرمن کمپنی ایڈیڈاس نے تیار کیا ہے، جبکہ اسے سیالکوٹ کی ایک کمپنی تیار کرتی ہے۔